لاہور(خبرنگار)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت لیپ ٹاپ سکیم کے اجراء کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں سکیم کے لئے قواعد و ضوابط و طریقہ کار پر غور کیا گیا اور مختلف تجاویز کا تبادلہ ہوا۔ وزیر تعلیم نے لیپ ٹاپ سکیم کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں ویب پورٹل کی لانچنگ، سکروٹنی اور فائنل لسٹ کیلئے حتمی تواریخ بھی طلب کیں۔ پہلے مرحلے میں فرسٹ اور سیکنڈ سمسٹر کے طلباء کو لیپ ٹاپ دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اس ضمن میں بی ایس طلباء کیلئے کم از کم 65 فیصد اور میڈیکل سٹوڈنٹس کیلئے 80 فیصد میرٹ مقرر کیا گیا۔ مقرر کردہ میرٹ انٹرمیڈیٹ کے نمبرز کی بنیاد پر بنایا جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ سکیم کیلئے اپلائی کرنے کی غرض سے پورٹل کا کام فی الفور مکمل کرنے کے علاوہ ہونہار سکالرشپ پروگرام فیز 2 کی بھی حتمی تیاریوں کی ہدایت کی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں پنجاب کے تمام پبلک کالجز اور یونیورسٹیز کے صوبائی ڈومیسائل ہولڈر طلباء اپلائی کر سکیں گے۔