رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل جانے والے 10 میں سے9 وکلاء کان بھرنے کے لیے جاتے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے نکالے گئے شیر افضل مروت نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کی۔
ان کا کہنا ہے کہ جو وکلاء اڈیالہ جاتے ہیں ان میں بانیٔ پی ٹی آئی کا وکیل بھلا کون ہے؟ 10 میں سے صرف 1 بانیٔ پی ٹی آئی کا وکیل ہوتا ہے جبکہ باقی 9 کان بھرنے کے لیے جاتے ہیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ جو نامور وکلاء میڈیا پر نظر آتے ہیں، کسی عدالت میں اپ کو یہ وکیل کے طور پر نظر نہیں آئیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان وکلاء نے بنیادی طور پر پیغام رسانی کا کام شروع کیا ہوا ہے، وکلاء جا کر بانیٔ پی ٹی آئی کو شکایات لگاتے ہیں، ایک وکیل کہتا ہے کہ آپ کے خلاف بیان دے دیا گیا، دوسرا وکیل پہلے وکیل کی تائید کر دیتا ہے، تیسرا وکیل دعویٰ کر دیتا ہے کہ میں نے بھی ذرائع سے کنفرم کیا ہے بات درست ہے۔
کیا بانیٔ پی ٹی آئی اتنی جلدی بات پر یقین کر لیتے ہیں؟ صحافی کے اس سوال پر رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ لوگ بانیٔ پی ٹی آئی کے مزاج کو اچھے طریقے سے جانتے ہیں۔