• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیر افضل مروت کی قومی اسمبلی آمد، حکومتی ارکان نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا


شیر افضل مروت: فوٹو فیس بک قومی اسمبلی
شیر افضل مروت: فوٹو فیس بک قومی اسمبلی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے شیر افضل مروت کی  آج قومی اسمبلی میں آمد پر حکومتی ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔

شیر افضل کے استقبال کیے جانے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ حکومتی ارکان کا استقبال شیر افضل مروت کو مروا ہی نہ دے اور شیر افضل مروت سے کہا کہ آپ بھی کوئی ایسی بات نہ کریں کہ آپ کیلئے کوئی مشکل ہو۔

 شیر افضل مروت نے کہا کہ ان کا سوال تو اپنے ہی ساتھیوں سے ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟

پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ  جو 10 وکیل بانی پی ٹی آئی سے ملنے جیل جاتے ہیں ان میں سے کیس لڑنے والا ایک ہی ہوتا ہے، باقی 9 وکیل بانی پی ٹی آئی کے کان بھرنے اور پیغام رسانی کیلئے جاتے ہیں۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ جو نامور وکلاء میڈیا پر نظر آتے ہیں، کسی عدالت میں آپ کو یہ وکیل کے طور پر نظر نہیں آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان وکلاء نے بنیادی طور پر پیغام رسانی کا کام شروع کیا ہوا ہے، وکلاء جا کر بانی پی ٹی آئی کو شکایات لگاتے ہیں، ایک وکیل کہتا ہے کہ آپ کے خلاف بیان دے دیا گیا، دوسرا وکیل پہلے وکیل کی تائید کر دیتا ہے، تیسرا وکیل دعویٰ کر دیتا ہے کہ میں نے بھی ذرائع سے کنفرم کیا ہے بات درست ہے۔

کیا بانی پی ٹی آئی اتنی جلدی بات پر یقین کر لیتے ہیں؟ صحافی کے اس سوال پر رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ لوگ بانی پی ٹی آئی کے مزاج کو اچھے طریقے سے جانتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید