مشہور اداکارہ شیبا آکاش دیپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ ماضی میں اکشے کمار کے ساتھ تعلق میں تھیں۔
دونوں کی ملاقات 1992ء کی فلم ’مسٹر بانڈ‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں ان کے درمیان گہری دوستی اور قربت پیدا ہوئی، لیکن جلد ہی ان کا تعلق ختم ہوگیا۔
ایک تازہ انٹرویو میں شیبا نے اپنے اور اکشے کے تعلقات پر کھل کر بات کی اور بریک اپ کی وجوہات بھی بیان کیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ واقعی اکشے کمار کے ساتھ تعلق میں تھیں، تو شیبا نے تھوڑا وقفہ لیا اور پھر جواب میں کہا، ’جب آپ جوان ہوتے ہیں اور قریب رہتے ہوئے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں، تو عشق ہو ہی جاتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’یہ ایک فوری کشش تھی، فوری دوستی، ہم دونوں فٹنس کے دیوانے تھے اور خاندانی دوست بھی۔‘
اپنے بریک اپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیبا نے کہا، ’ہم دونوں اس وقت بچے تھے۔ میں اس پر زیادہ بات بھی نہیں کرتی تھی، کیونکہ یہ میرے لیے اب ایک مذاق جیسا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’اس میں بات کرنے جیسا کچھ نہیں۔ مجھے زیادہ کچھ یاد بھی نہیں۔ اس بات کو 30 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں۔‘
اداکارہ نے دوستی برقرار نہ رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا، ’کسی بھی تعلق میں اتنی زیادہ سرمایہ کاری ہوتی ہے کہ بعد میں دوست بننا ممکن نہیں رہتا، جب تک کہ آپ بہت زیادہ میچور نہ ہوں۔‘