بھارتی فلموں کے سابق اداکار 48 سالہ ساحل خان نے اپنے سے 26 سال عمر کی چھوٹی لڑکی سے شادی کرنے کی وجہ بتادی۔
سابق بھارتی اداکار ساحل خان نے 48 سال کی عمر میں 22 سالہ لڑکی میلانا الیگزینڈرا سے گزشتہ دنوں دبئی میں شادی کی، جس کی تصاویر و ویڈیوز بھی انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
شادی کی تقریب دبئی کے برج خلیفہ کے سامنے منعقد کی گئی تھی، جس کی جھلکیاں ساحل نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شیئر کی تھیں۔
دلہا دلہن کی عمر میں 26 سال کے فرق نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی تھی، شادی کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں ساحل خان نے عمر کے فرق کا دفاع کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں ساحل خان نے کہا کہ محبت کی کوئی عمر نہیں ہوتی اور ہماری کہانی اس کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میلانا بھی اسی عقیدے پر یقین رکھتی ہیں کہ محبت کا تعلق باہمی تعلق، سمجھ بوجھ اور زندگی کے ہر مرحلے میں ایک ساتھ بڑھنے سے ہے۔ جب میں نے میلانا سے پہلی بار ملاقات کی، تو وہ صرف 21 سال کی تھیں اور میں فوراً ان کی طرف متوجہ ہو گیا۔
ساحل خان نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ ان کے جذبات بھی مختلف نہیں تھے، باوجود اس کے کہ وہ کم عمر تھیں، ان کی سوچ واضح و پختہ تھی جبکہ وہ زندگی کے بارے میں گہری سمجھ بوجھ رکھتی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے اپنے مستقبل کے بارے میں بامعنی گفتگو کی، جو ہمیں اگلے قدم کی طرف لے گئی۔ جب ہم نے اپنے خاندانوں کو ایک دوسرے سے متعارف کروایا، تو ہم نے منگنی کر لی اور اب خوشی سے شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں۔
ساحل خان نے یہ بھی کہا کہ میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اب میری بیوی، میلانا الیگزینڈرا خان ہیں، اور ہم سب سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہیں۔