جنوبی کوریا کی پولیس نے نوجوان اداکارہ کم سائی رون کی موت کی وجہ بتا دی۔
جنوبی کوریا کی 24 سالہ اداکارہ کم سائی رون کی لاش گزشتہ اتوار کو دارالحکومت سیؤل میں ان کے رہائشی اپارٹمنٹ سے ملی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب اس کیس کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے خودکشی کی ہے۔
اس کیس کی معلومات رکھنے والے ایک شخص نے اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم سائی رون کی اچانک موت ناقابلِ تصور تھی، وہ اداکاری میں دوبارہ واپس آنے اور ایک کیفے کھولنے کی تیاری کر رہی تھیں۔
خاتون کا کہنا ہے کہ کم سائی رون انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں واپس آنے کی تیاری کر رہی تھیں، میں نے ان سے کہا تھا کہ کوئی بھی مشکل ہو تو مجھے فون کرنا، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ ایسا ہو جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کم سائی رون کا شمار جنوبی کوریا کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں ہوتا تھا۔
2022ء میں اداکارہ نے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے اپنی گاڑی دوسری گاڑی میں دے ماری تھی، اس حادثے کے بعد ان کے کیریئر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔