سابق کرکٹرز نے ہوم کنڈیشنز کی مناسبت سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو پاکستان کے پاس ٹائٹل جیتنے کا بہترین موقع قرار دے دیا۔
ایونٹ کےلیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ پر ویسٹ انڈیز کے این بشپ، جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی نے تبصرہ کیا۔
این بشپ کا کہنا تھا کہ میزبان ملک ہونے کے ناطے پاکستان ٹیم کےلیے بہت اہم ہے کہ وہ پرفارم کرے۔ پاکستان ٹیم کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہے، پاکستان ٹیم اس وقت ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں ہے۔
نامور کمنٹیٹر نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کچھ ایسے شعبے ہیں جہاں کمی ہے، پاکستان ٹیم میں اسپن بولنگ کا شعبہ ایسا ہے جہاں کمی لگ رہی ہے۔
این بشپ کا کہنا تھا کہ بابر ، فخر، رضوان، نسیم اور شاہین جیسے کھلاڑی پاکستان ٹیم کی کمی کو پورا کرسکتے ہیں، یہ کھلاڑی ہیں جو پاکستان کو فائنل فور میں پہنچا سکتے ہیں۔ پاکستان کے فینز اس امید پر ہیں کہ یہ ٹیم چیمپئن بن سکتی ہے۔
جنوبی افریقہ کے جین پال ڈومینی کا کہنا تھا کہ ہوم کنڈیشنز پر پاکستان کے پاس چیمپئنزٹرافی جیتنے کا بڑا موقع ہے، ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان نے مناسب پرفارمنس دی۔
انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کے لحاظ سے پاکستان ٹیم خاصی مضبوط دکھائی دے رہی ہے، پاکستان کی بولنگ سائیڈ پر کچھ سوالیہ نشان ہیں، چیمپئنز ٹرافی کے ہر میچ میں آپ کو پرفارم کرنے کی ضرورت ہوگی۔
نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہترین اور متوازن اسکواڈ ہے۔ یہاں کی کنڈیشنز پاکستان کو سپورٹ کریں گی۔