• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ بنگلادیش کے توحید ہریدوئی کے بعد بھارت کے شمبن گل نے بھی سنچری بناڈالی۔ 

بنگلادیش کی جانب سے دیا گیا 229 رنز کا ہدف بھارت نے 47ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جسے بھارتی بولرز نے ابتدا میں ہی غلط ثابت کردیا۔

بھارتی بولرز نے 9ویں اوور میں ہی بنگلادیش کی آدھی ٹیم کو صرف 35 رنز پر پویلین بھیج دیا۔

ان ابتدائی پانچ کھلاڑیوں میں تنزید حسن نے 25 رنز بنائے، مہدی حسن میراز 5 جبکہ سومیا سرکار، کپتان نجم الحسن شانتو اور تجربہ کار مشفق الرحیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

تاہم چھٹی وکٹ پر بنگلادیشی بیٹرز توحید ہردوئے اور جاکر علی 154 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور اپنی ٹیم کو ایک قابل دفاع ٹوٹل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

جاکر 68 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو توحید نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ 

اس دوران توحید ہردوئے پٹھوں میں کھنچاؤ کا شکار ہوئے، اس کے باوجود انہوں نے 49ویں اوور میں اپنی سنچری مکمل کی۔

تاہم آخری اوور میں وہ بنگلایش کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جس کے ساتھ ہی بنگلادیشی ٹیم 228 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 وکٹیں لیں، ہرشت رانا نے 3 جبکہ اکشر پٹیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت تیز رفتار آغاز فراہم کیا، اوپنر شبمن گل اور کپتان روہیت شرما کے درمیان پہلی وکٹ پر 69 رنز کی پارٹنرشپ بنی، جہاں 10ویں اوور میں اپنے کیریئر کے 11 ہزار رنز مکمل کرنے والے روہیت شرما 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

بعدازاں ویرات کوہلی نے 22، شریاس ائیر نے 15 جبکہ اکشر پٹیل نے 8 رنز بنا کر شبمن گل کا ساتھ دیا۔ 

تاہم پانچویں وکٹ پر شبمن گل اور کے ایل راہول کے درمیان ناقابلِ شکست 87 رنز کی پارٹنرشپ نے بنگلادیش کی جیت کی امید پر پانی پھیر دیا۔ 

اس دوران شمبن گل نے سنچری مکمل کی، وہ 101 جبکہ کے ایل راہول 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

بنگلادیش کی جانب سے رشد حسین 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ ہر ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کرتی ہے، ہم بھی یہی چاہتے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید