چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے بنگلادیش کے خلاف بولنگ کرتے ہوئے اپنی 200 وکٹیں مکمل کرلیں۔
دبئی میں کھیلے جانے والے چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں محمد شامی نے 10 اوورز میں 53 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد شامی تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں انہوں نے 5 ہزار 126 گیندیں کرواکر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، جبکہ اس سے قبل آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے 5 ہزار 240 گیندوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
میچز کے اعتبار سے محمد شامی تقلین مشتاق کے ساتھ مشترکہ طور پر دنیا کے دوسرے تیز ترین اور بھارت کے سب سے تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
مچل اسٹارک نے یہ کارنامہ 102 میچز میں انجام دیا جبکہ محمد شامی نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کیلئے 104 میچز کھیلے۔
وہ آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بھارتی بولر بھی بن گئے، 60 وکٹیں لینے کے ساتھ انہوں نے ظہیر خان کا 59 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا۔