• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد کی خلیجی سربراہان شاہ عبداللّٰہ دوم اور صدرالسیسی کو ریاض آنے کی دعوت

ریاض (شاہدنعیم)سعودی ولی عہد کی دعوت پر خلیجی ملکوں کے سربراہان کے ساتھ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم جمعہ کے روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ریاض پہنچیں گے۔ یہ خبر سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے نے جمعرات کو رپورٹ کی ہے ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق عرب ممالک کے یہ یہ رہنما خطے کی موجودہ صورت حال کے اس اہم موقع پر باہمی مشاورت کا اہتمام کریں گے۔ اس سے قبل عرب وزرائے خارجہ کا ایک اہم اور ہنگامی اجلاس اسی ماہ کے دوران مصر میں ہو چکا ہے جو غزہ سے فلسطینیوں کو مصر اور اردن منتقل کرنے کے امریکی منصوبے کے پس منظر میں منعقد کیا گیا تھا۔جس کے بعد مصری وزیر خارجہ اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم الگ الگ امریکہ کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ لیکن سعودی میڈیا کے مطابق ولی عہد کی دعوت پر ان رہنماؤں کا مشترکہ مگر غیر رسمی نوعیت کا اجلاس ہو گا۔ یہ ان رہنماؤں کی معمول کی نجی دوستانہ طرز کی ملاقاتوں میں سے ایک ملاقات ہوگی۔ اس غیر رسمی اور دوستانہ ملاقاتوں کا اہتمام کئی برسوں سے کیا جا رہا ہے۔ جو مضبوط برادرانہ تعلقات کا مظہر ہوتی ہیں۔ان دوستانہ ملاقاتوں میں باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کو آگے بڑھانے کے امور پر غور کیا جاتا ہے اور باہمی دلچسپی کے امور کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق خلیجی ملکوں اور مصر و اردن کے درمیان تعاون کے علاوہ اگلی غیر معمولی عرب سربراہ کانفرنس جو 4 مارچ کو غزہ کے سلسلے میں مصر کی طرف سے بلائی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں جمعہ کے روز کی غیر رسمی ملاقات کے دوران دیگر کئی امور پر بھی عرب سربراہان کے درمیان تبادلہ خیال ہوگا۔

دنیا بھر سے سے مزید