آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے لگاتار 12 مرتبہ ٹاس ہارنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپنئز ٹرافی 2025 میں پاکستان کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیل رہی ہے، اس سے قبل بنگلادیش کے خلاف بھارت نے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی، تاہم ایونٹ کے دونوں میچز میں بھارتی ٹیم نے ٹاس ہارا اور اس کے ساتھ ہی لگاتار سب سے زیادہ مرتبہ ٹاس ہارنے کا ریکارڈ بھارت کے نام ہوگیا۔
بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹاس ہارنے کا سلسلہ ورلڈکپ 2023 سے شروع ہوا تھا، جب روہت شرما فائنل میں آسٹریلیا سے ٹاس ہارے تھے، اس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف 3 روزہ سیریز میں کے ایل راہول کپتان تھے، اس میں وہ تینوں میچز میں لگاتار ٹاس ہارے تھے۔
سری لنکا میں سیریز کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما لگاتار 3 مرتبہ ٹاس ہارے، اس کے بعد بھارت میں کھیلی جانیوالی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف بھی روہت شرما لگاتار 3 میچز میں ٹاس ہارے تھے۔
جس کے بعد دبئی میں کھیلے جانیوالے آئی سی سی چیمپنئز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما بنگلادیش سے ٹاس ہارنے کے بعد آج پاکستان کے خلاف بھی ٹاس ہار گئے۔
اس طرح بھارتی ٹیم نے لگاتار 11 میچز میں ٹاس ہارنے کا ریکارڈ توڑ دیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ نیدرلینڈ کی ٹیم بنا چکی ہے، جو مسلسل 11 میچز میں ٹاس ہاری تھی۔