برطانیہ میں معاشی بدحالی کا سلسلہ جاری ہے، رواں ماہ برطانیہ کی ہائی اسٹریٹ کو متعدد شاپس کی بندش کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔
بڑے برانڈ اپنی کئی برانچز بند کر رہے ہیں، ماہرین دکانوں کی بندش میں اضافے کو سخت ریٹیل حالات اور لیبر پارٹی کے حالیہ مالیاتی بجٹ اقدامات کے اثرات سے جوڑ رہے ہیں۔
اس حوالے سے سینٹر فار ریٹیل ریسرچ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، جو مسلسل خبردار کر رہا ہے کہ ’بدترین صورتحال ابھی آنا باقی ہے۔‘
ان کے اندازے کے مطابق دکانوں کی بندش میں 30 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے، جو ممکنہ طور پر اگلے سال کے دوران تقریباً 17 ہزار 350 تک پہنچ سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2024 کے دوران ہائی اسٹریٹ کی 13 ہزار سے زائد شاپس بند ہوگئیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بجٹ کی وجہ سے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے 2025 میں صورت حال اس سے بھی خراب ہوسکتی ہے۔
سینٹر فار ریٹیل ریسرچ کے مرتب کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال برطانیہ کے کم و بیش 25 فیصد ریٹیل اسٹورز بند ہوگئے۔