امریکا کے صدر ڈونلڈٹرمپ ٹرمپ کی طرف سے عالمی سطح پر مختلف قسم کے ٹیرف متعارف کرانے کے بعد تجارتی منڈیوں میں غیر یقینی کی صورتحال کے سبب سرمایہ کاروں نے محفوظ سرمایہ کاری کیلئے سونا خریدنا شروع کردیا ہے، جس کے سبب سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے۔
ایک برطانوی انشورنس کمپنی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سونے کے زیورات اور قیمتی گھڑیوں کیلئے اپنے انشورنس کور کا جائزہ لیں کیونکہ قیمتی اشیاء سے متعلق انشورنس کمپنیوں کے کور کی ایک حد ہوتی ہے اور 2 ہزار پاؤنڈ سے زائد قیمت کی اشیاء کو ہوم انشورنس پالیسی میں الگ سے درج کرنا ضروری ہے۔
کمپنی کے مطابق 24-2023 میں گھر سے باہر چوری ہونے والی 300 سے زائد قیمتی گھڑیوں کے کلیمز سے نمٹا گیا، ان میں سے دو تہائی کی قیمت 2 ہزار پاؤنڈ سے زائد تھی اور انشورنس پالیسی میں الگ سے ان کا اندراج موجود تھا۔
کمپنی کے مطابق اس لئے باقاعدگی سے قیمتی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لینا ضروری ہے، تاکہ قیمتی اشیاء کے چوری، گم یا نقصان پہنچنے کی صورت میں درست قیمت کے مطابق انشورنس کی رقم وصول کی جاسکے۔
انشورنس کمپنی کے مطابق ایک دہائی کے دوران سونے کی قیمت میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے، کمپنی نے صارفین کو ہدایت بھی کی ہے کہ وہ قیمتی اشیاء کی خریداری کی رسیدیں سنبھال کر رکھیں، ان کی تصاویر بناکر کلاؤڈ وغیرہ میں محفوظ کرلیں، انشورنس پالیسی کی شرائط کو غور سے پڑھیں، قیمتی اشیاء محفوظ مقام پررکھیں اور ہر کچھ عرصہ بعد ہائی اسٹریٹ یا اشیاء کی قیمت کا تعین کرنے والوں سے درست قیمت کا تخمینہ لگوائیں اور اس کی تفصیل انشورنس کمپنی کو فراہم کریں۔