• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی ٹینکوں کی مقبوضہ مغربی کنارے پر چڑھائی، 40 ہزار فلسطینی بے دخل

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوجی ٹینکوں نے مقبوضہ مغربی کنارے پر چڑھائی کردی، 40ہزار فلسطینیوں کوبے دخل کردیا گیا ، صیہونی وزیر جنگ کا کہنا ہے کہ ان فلسطینیوں کو دوبارہ واپسی کیاجازت نہیں دی جائے گی ، 2002کے بعد پہلی بار مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی ٹینکوں کو تعینات کردیا گیاہے جبکہ اس دوران اسرائیلی فوج نے حملے بھی بڑھادیئے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ وہ غزہ میں کسی بھی وقت جنگ دوبارہ شروع کرنے کیلئے تیار ہیں ، انہوں نے کہا کہ وہ جنگ کے مقاصد حاصل کرکے رہیں گے خواہ وہ مذاکرات سے ہوں یا کسی اور طریقے سے ۔ اردن کے وزیرخارجہ ایمن صفادی اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیث نے مقبوضہ مغربی کنارے میں صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اردن کے دارالحکومت عمان میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ کی نازک جنگ بندی کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا تاکہ پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی نقل مکانی کی بھی مخالفت کی اور مصر کے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کا اظہار کیا۔اردن میں یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب جمعے کو عرب رہنماؤں نے سعودی عرب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع "منصوبے" کے جوابی تجویز پر بات چیت کی جس میں امریکا کی جانب سے پٹی پر قبضہ کرنے، اس کے باشندوں کو بے گھر کرنے، اور علاقے کو ’’مشرق وسطیٰ کے رویرا‘‘میں دوبارہ تعمیر کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید