• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی مشکلات میں کمی، معاشی اشاریے بہترے کی طرف گامزن، صدر زرداری

لاہور(نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے اور معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ہم نے سی پیک کی بنیاد رکھی،اسے کامیاب بنائیں گے،چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگائیں گی، صدر مملکت نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی، تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، معروف بزنس مین گوہر اعجاز، اور نواب شہزاد سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔آصف علی زرداری نے عشائیہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی مختلف اصلاحات پر روشنی ڈالی اور انتظامیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔صدر مملکت نے اپنے حالیہ دورہ چین بارے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میرا چین کا دورہ کامیاب رہا ہے اور ہم نے سی پیک کی بنیاد رکھی ہے اور اسے کامیاب بنائیں گے، چین اور پاکستان خطے کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں اور چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگائیں گی۔دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سابق گورنر مخدوم احمد محمود کے گھر ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صدر آصف علی زرداری سے پاور شیئرنگ فارمولے سمیت پنجاب کی صورتحال پر بات چیت کی۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی کوجنوبی اور وسطی پنجاب میں پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرکی کارکردگی کوسراہا ۔سابق گورنر احمد محمود نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو رحیم یارخان میں آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کے بارے میں آگاہ کیا۔
اہم خبریں سے مزید