یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ متنازع بیان کے بعد پہلی مرتبہ منظر عام پر آگئے، وہ اپنا بیان ریکارڈ کروانے کےلیے ممبئی میں سائبر سیل آفس پہنچے، ان کے ہمراہ آشیش چنچلانی و دیگر بھی موجود تھے۔
ریاست مہاراشٹر سائبر سیل کے ہیڈکوارٹر ممبئی میں مشہور یوٹیوبر پیش ہوئے۔ متنازع بیان کے بعد یہ ان کی پہلی جھلک تھی۔
رنویر الہ آبادیہ کے ساتھ یوٹیوبر آشیش چنچلانی بھی موجود تھے اور دونوں مہاراشٹر سائبر سیل کے دفتر میں اپنے بیانات ریکارڈ کروانے کےلیے آئے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آشیش چنچلانی اور رنویر الہ آبادیہ نے مہاراشٹر سائبر سیل حکام سے خود رابطہ کیا۔ دونوں نے افسران کو بتایا کہ وہ اپنے بیانات ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔ مہاراشٹر سائبر سیل نے انہیں آج اپنے بیانات دینے کے لیے طلب کیا تھا۔
واضح رہے کہ یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ اس ماہ کے آغاز میں یوٹیوب شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ میں والدین سے متعلق متنازعہ بیانات دینے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئے تھے۔
یہ متنازع واقعہ کامیڈین سمیا رائنا کے یوٹیوب شو میں پیش آیا، جہاں رنویر الہ آبادیہ کے ساتھ ساتھ دیگر معروف کانٹینٹ کریئیٹرز بھی شریک تھے، جن میں یوٹیوبر آشیش چنچلانی، اپوروا مکھیجا اور کامیڈین جسپریت سنگھ شامل تھے۔
رنویر الہ آبادیہ کے ریمارکس کو لے کر شدید ردعمل سامنے آیا جس کے بعد متعدد ایف آئی آر درج ہوئیں جبکہ یہ معاملہ بھارتی پارلیمنٹ میں بھی زیر بحث آیا۔
عوامی ردعمل کے باعث، میزبان سمیا رائنا نے شو کے تمام اقساط یوٹیوب سے ہٹادیں۔