کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشین کے ٹھیکیداران ملک حیدر خان ، شکر الدین ، جبار خان ، محمد عارف نے کہا ہے کہ ٹھیکیداروں کی عدم موجودگی میں قبل از وقت محکمہ مواصلات و تعمیرات پشین میں 15 کروڑ روپے کے ٹینڈر کھول کر من پسند ٹھیکیداروں کو دیکرکر حقداروں کی حق تلفی کی گئی، ٹینڈر منسوخ کرکے دوبارہ ٹینڈر کھولے جائیں تاکہ تمام ٹھیکیدار حصہ لے سکیں ، بصورت دیگرعدالت سے رجوع کریں گے ،یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بی اینڈ آر پشین حکام نے ہماری غیر موجودگی میں مقررہ وقت سے قبل دفتر بند کرکے منظور نذر ٹھیکیداروں کو ٹھیکہ دیا جس کی مذمت کرتے ہیں اس حوالے سے ہم نے احتجاج بھی کیا جس پر ہمیں یقین دہانی کرائی گئی مگر اس کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ، اس طرح کے حربوں اور بندر بانٹ کو مسترد کرتے ہیں ، قانونی طریقے سے ہٹ کر فیصلے کرنا ناقابل قبول ہے یہ اقدام حقیقی ٹھیکیداروں کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے ۔انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کا نوٹس لیا اور مذکورہ ٹینڈر کو منسوخ کرکے دوبارہ ٹینڈر کھولا جائے تاکہ تمام ٹھیکیدار اس عمل میں حصہ لے سکیں اگر ہمارے مطالبے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو عدالت سے رجوع کریں گے ۔