• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ رحیم کاکڑ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، سردار حسن شاہ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ، عمر فاروق ایڈووکیٹ، توقیر بھٹی، نعمت اللہ، امین آغا، ارشد اچکزئی اور ضیاء الحق نے بیان میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ ماضی میں جس طرح گھر گھر سے کچرا اٹھایا جاتا تھا اس عمل کو دوبارہ شروع کیا جائے ۔ اس وقت پورا شہر گندگی میں بدل چکا ہے، سینٹری اسٹاف کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی کا عمل شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹروڈ پر کسٹم کے قریب میٹروپولٹن کی ڈھائی ایکڑ کی اراضی بحیثیت ناظم میں نے سوشل ویلفیئر کی ذمہ داری لگائی تھی کہ اسے بیگرز کی ویلفیئر کیلئے مختص کی جائے اور یہاں ادارہ بنایا جائے لیکن افسوس وہ جگہ کسی اور محکمہ کو دے دی گئی ہے جو کہ خلاف قانون ہے لہٰذا ضروری ہے کہ یہ جگہ فوری طور پر بیگرز کیلئے مختص کی جائے۔ درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ نے سابق صوبائی وزیر طاہر محمود خان کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی گھرانے سے تعلق تھا، طاہر محمود خان نے اپنی سیاست کا آغاز بلدیاتی انتخابات سے کیا اور دو مرتبہ صوبائی وزیر کی حیثیت سے کوئٹہ اور صوبے کے عوام کی خدمت کی۔ ملنسار اور غریب پرور شخصیت کے مالک تھے، خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ اور پسماندگان کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔
کوئٹہ سے مزید