• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالرحمان پرکانی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، حسین احمد شرودی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے قائم مقام امیر سابق صوبائی وزیر مولانا حسین احمد شرودی نے عبدالرحمٰن پرکانی کے قتل کی مذمت ، قاتلوں کی عدم گرفتاری اور احتجاج کرنے والوں پر معاہدہ کے باوجود مقدمہ درج کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس جان بوجھ کر علماء اور پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف انتقامی کارروائی کررہی ہے ، احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر فوری واپس لی جائے ، رمضان المبارک میں جرائم پیشہ عناصر ، منشیات فروشوں ، بدامنی کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ بدامنی ، منشیات فروشی ، لاقانونیت ، جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہونے کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے ،گزشتہ دنوں عبدالرحمٰن پرکانی کو قتل کیا گیا قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کارکنوں نے ڈاکٹر علی نواز اور دیگر رفقاء کے ہمراہ احتجاج کیا ، اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے مابین معاہدہ طے پانے کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا لیکن پولیس نے بددیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر علی نواز ، مولانا محمد عثمان پرکانی سمیت 200 سے زائد لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جس کی مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج جمعیت علماء اسلام کا وفد جس میں پارلیمانی اراکین بھی شامل ہیں آئی جی پولیس سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کرے گا۔انہوں نے ہزار گنجی میں جمعیت کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ محمد طاہر توحیدی کی گرفتاری اور ان پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کے ذمہ داروں کو کوئٹہ بدر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے فرائض کی بجا آوری کی بجائے بھتہ خوری میں مصروف ہے جس کی وجہ سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جارہا۔
کوئٹہ سے مزید