کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان گروپ بی کا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ افغانستان کو کراچی میں جنوبی افریقا نے شکست دی جبکہ انگلش کرکٹ ٹیم لاہور میں351رنز بناکر آسٹریلیا کے خلاف میچ پانچ وکٹ سے ہار گئی۔ دونوں ٹیموں کے لئے میچ اہم ہے اور جس ٹیم کو شکست ہوئی وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ انگلینڈ کو ہرانے کی کوشش کریں گے۔ 2023ء میں انگلینڈ کو ہرایا تھا، نئے مائنڈ سیٹ سے کھیلنا ہو گا۔ ہمارے مینٹور یونس خان ایک کامیاب کرکٹرہیں، وہ مائنڈ سیٹ پر کام کرتے ہیں، کھلاڑیوں کو ان کا بہت فائدہ ہے ، اُن کی بات غور سے سنیں اور عمل کریں تو بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔