روسی شخص کی ناراض اہلیہ نے پورش کار لینے سے انکار کیا تو اس نے گاڑی کوڑے دان میں پھینک دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی دارالحکومت ماسکو کے ضلع میتیشی میں ایک شخص نے اپنی شادی بچانے کے لیے اہلیہ کو ویلنٹائن ڈے کے تحفے کے طور پر پورش کار دی۔
ناراض اہلیہ نے مہنگی ایس یو وی پورش کار لینے سے انکار کر دیا تو مذکورہ شخص نے گاڑی کو کوڑے دان میں پھینک دیا، جس نے مقامی افراد کی توجہ حاصل کر لی۔
روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ جوڑے کے تعلقات گزشتہ کچھ عرصے سے خراب چلے رہے تھے، جنہیں ٹھیک کرنے کی خاطر شوہر نے 14 فروری سے چند روز قبل 30 لاکھ روبل (39 لاکھ 82 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) میں پرانی لگژری گاڑی خریدی، جو ایک حادثے کے نتیجے میں خراب ہو گئی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شوہر نے گاڑی خرید کر اسے ٹھیک کروا کر 8 مارچ، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اہلیہ کو دینے کا فیصلہ کیا تاہم گاڑی کی مرمت وقت سے پہلے مکمل ہو گئی تو اس نے اہلیہ کو سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا۔
اہلیہ کے علم میں یہ بات آتے ہی اس نے اپنی توہین سمجھتے ہوئے اس گاڑی کو ویلنٹائن ڈے کے تحفے کے طور پر قبول کرنے سے انکار کر دیا تو شوہر نے بھی اس گاڑی کو ضائع کرنے کے لیے اسے کوڑے دان میں پھینک دیا۔