آج کل سوشل میڈیا پر انٹرنیٹ پرسنیلیٹیز، ٹک ٹاکر اور یوٹیوبرز کی آپس کی لڑائی کے سبب طوفانِ بدتمیزی سے بھرپور مواد وائرل ہے جس میں گندی گالیوں سمیت نازیبا گفتگو بھی شامل ہے۔
ان ویڈیوز کے سامنے آنے پر صارفین اپنے اپنے پسندیدہ کانٹینٹ کری ایٹر کے حق میں تبصرے کرتے نظر آ رہے ہیں۔
آپس کے لڑائی جھگڑوں اور الزامات کے بعد اب معاملہ جان سے مارنے کی دھمکیوں تک آ پہنچا ہے جس پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
گزشتہ دنوں رجب بٹ نے اپنے لائیو ٹک ٹاک سیشن کے دوران جبکہ ان کے قریبی دوست مان ڈوگر نے ٹک ٹاکر عمر بٹ کے گھر کے باہر کھڑے ہو کر انہیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی تھیں۔
معتدد میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رجب بٹ اور مان ڈوگر کی جانب سے عمر فیاض بٹ کو جان سے مار دینے کی دھمکیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ رجب بٹ، مان ڈوگر اور حیدر شاہ کے مسلح افراد کے ہمراہ عمر فیاض بٹ کے گھر پہنچنے کے بعد درج کیا گیا جس میں 7 دیگر افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
رجب بٹ پر مقدمہ عمر فیاض کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔
نامور ٹک ٹاکر عمر فیاض بٹ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ رجب بٹ اور مان ڈوگر نے ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران گالم گلوچ کی، نازیبا اور جھوٹے الزامات لگائے اور دھمکیاں دیں۔
عمر فیاض نے اسے اپنی عزت پر حملہ قرار دیتے ہوئے رجب بٹ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عمر اور علی فیاض بٹ نے رجب بٹ کی شادی میں شرکت کی تھی اور نوبیاہتا جوڑے کو مہنگے ترین تحائف بھی دیے تھے۔
اب ان کے تعلقات میں تلخی آ گئی ہے، انٹرنیٹ پر مشہور ہونے والی دونوں شخصیات آج کل اپنی ویڈیوز کے ذریعے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہے ہیں۔