مانچسٹر کو بہتر بنانے کے لیے مانچسٹر کونسل نے ترجیحات کا تعین کر لیا اور 26-2025ء کے بجٹ کی منظوری دے دی۔
894 ملین پاؤنڈ ریونیو بجٹ کا مختص کرنا کونسل کی ترجیحات کے ساتھ ساتھ سروسز کے مطالبات کو نمایاں کرتا ہے جو ملک بھر کی کونسلیں دیکھ رہی ہیں۔
مانچسٹر مرکزی حکومت کی فنڈنگ میں 14 سال کی کٹوتیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل تھا جس کی وجہ سے مانچسٹر سٹی کونسل کافی مالی دباؤ میں رہی ہے۔
26 -2025ء کے بجٹ کی ترجیحات میں سب سے زیادہ کمزور اور ضرورت مند افراد کی دیکھ بھال، رہائشیوں کو غربت سے نکالنا، سستے گھروں کی تعمیر، مانچسٹر کی لائبریریوں اور تفریحی مراکز کی حفاظت جبکہ 23 نئی لائبریریاں اور 25 نئے تفریحی مراکز کی فراہمی شامل ہے۔
اس کے علاوہ سرمایہ کاری کونسل کے 148 پارکس، شہر کی دیگر سبز جگہوں اور گلی محلوں کی دیکھ بھال کے لیے سرمایہ کاری کرنا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایگزیکٹو ممبر برائے فنانس اور کونسلر ربنواز اکبر نے کہا کہ مقامی حکومت کے مالی معاملات کے لیے یہ چند سال مشکل رہے ہیں اور 2010ء کے بعد سے کٹوتیوں کے اثرات کو راتوں رات نہیں بدلا جا سکتا لیکن محتاط منصوبہ بندی کرنے اور جلد ہی کچھ مشکل فیصلے لینے کی بدولت، مانچسٹر کونسل مثبت منصوبے سامنے لانے میں کامیاب ہوئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہمارا مقصد مہنگائی کے اس دور میں غربت کی بنیادی وجوہات سے نمٹتے ہوئے لوگوں کی مدد کرنا ہے، پچھلے سال ہم نے غربت سے نمٹنے کے اقدامات پر 42 ملین پاؤنڈ خرچ کیے۔