برطانیہ میں اس سال پھر رمضان المبارک کے آغاز پر مسلم کمیونٹی تقسیم ہو گئی۔
کئی مساجد نے سعودی عرب کی پیروی کرتے ہوئے آج بروز ہفتہ رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا جبکہ بے شمار مذہبی اداروں نے کل یعنی اتوار سے رمضان المبارک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یو کے اسلامک مشن نے بروز ہفتہ رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
یو کے اسلامک مشن کے رہنما علامہ محمد اقبال اعوان کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب سے تراویح شروع کی گئیں اور آج پہلا روزہ ہے۔
دوسری طرف مرکزی جماعتِ اہلسنت یو کے یورپ اوورسیز ٹرسٹ کے سیکریٹری جنرل علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای، لوٹن سینٹرل ماسک کے خطیب علامہ حافظ اعجاز احمد اور الحرا کلچرل سینٹر اور مسجد کے ڈائریکٹر پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے اتوار سے رمضان شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مختلف اعلانات کے باعث ایک ہی خاندان میں بعض لوگوں نے آج ہفتے کے روز ہی روزہ رکھ لیا اور بعض کل اتوار کو روزہ رکھیں گے۔
برطانیہ میں مقیم مسلم کمیونٹی کے نوجوان اور زیرِ تعلیم طلبہ اس تقسیم سے بہت پریشان دکھائی دیتے ہیں۔