• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی ایس 22 میں ترقی کے نئے قواعد دو بار ناکام افسران نااہل قرار

اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) بی ایس 22 میں ترقی کے نئے قواعد: دو بار ناکام افسران نااہل قرار ،وفاقی حکومت نے سول سرونٹس (سیکرٹری، بی ایس 22 اور مساوی عہدوں پر ترقی) کے قواعد 2010 میں ترمیم کر دی ہے۔ اس حوالے سے کابینہ سیکریٹریٹ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے 5 مارچ 2025 کو ایس۔آر۔او 255(I)/2025* کے تحت باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ یہ ترمیم سول سرونٹس ایکٹ 1973 (LXXI of 1973) کی شق 25(1) اور ایس۔آر۔او 120(I)/98، مورخہ 27 فروری 1998 کے تحت دیے گئے اختیارات کے تحت کی گئی ہے۔ نئے قواعد کے مطابق سول سرونٹس رولز 2010 کے قانون نمبر 4 میں ایک نئی شق شامل کی گئی ہے، جس کے تحت وہ افسران جو ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ میں دو مرتبہ بی ایس 22 کے لیے ترقی کے لیے زیر غور آئے ہوں اور انہیں ترقی نہ دی گئی ہو، وہ آئندہ اس عہدے کے لیے نااہل تصور کیے جائیں گے۔یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے اعلیٰ بیوروکریسی میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن کا حوالہ *فائل نمبر 7/1/2025-CP-VIہے، جو عبدالقیوم کاکڑ، سیکشن آفیسر (CP-VI)* کی جانب سے جاری کیا گیا۔ یہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ، پارٹ II، 5 مارچ 2025، صفحہ 492* میں شائع کیا گیا ۔
اہم خبریں سے مزید