اسلام آباد (صالح ظافر) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ/قومی اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کیپٹن اشفاق اشرف کو چھ ماہ کی معطلی کے بعد بحال کر دیا۔ وہ گزشتہ سال 10 ستمبر کے واقعے کے بعد معطل کیے گئے تھے، جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آدھی رات کے قریب پارلیمنٹ کی عمارت میں پناہ لینے والے تحریک انصاف کے 10 اراکین اسمبلی کو گرفتار کر لیا تھا۔ ایجنسیوں کے اہلکاروں نے پارلیمنٹ ہاؤس کی لائٹس بند کرنے کے بعد آپریشن کیا۔ اسپیکر نے غفلت برتنے پر کیپٹن اشفاق اشرف کو معطل کیا اور کچھ دیگر عملے کے ارکان کو بھی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔ باخبر پارلیمانی ذرائع نے ہفتہ کے روز جنگ کو بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بعد یہ ثابت ہوا ہے کہ سارجنٹ ایٹ آرمز اور ان کے عملے نے پوری کارروائی کے دوران کوئی غفلت نہیں برتی۔