اسلام آباد(این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس بپی کو پروڈکشن آرڈر پر ایوان بالا میں پیش کیا گیا جبکہ سینیٹر اعجاز چوہدری کو پروڈکشن آرڈر کے باوجود پیش نہ کرنے کا معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے عون عباس بپی نے کہاہے کہ مجھے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف مہم چلانے پر نشانہ بنایا گیا، اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل کرایا جائے یا پھر میرے آرڈرز بھی منسوخ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے چیئرمین صاحب آپ کا شکریہ کہ آپ نے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کیا، آپ نے اعجاز چوہدری اور میرے ایشو پر اسٹینڈ لیا، جسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ6مارچ کو میں گھر تھا،صبح ساڑھے 8بجے 20لوگ گھر آئے،میرے دفتر اور گھر پر ریڈ کیا گیا،میں سو رہا تھا، مجھے کالر سے پکڑ کر گھسیٹ کر لے کر گئے، مجھ سے موبائل فون مانگا گیا، میرے بیٹے کو پکڑ کر لائے پھر چھوڑ دیا۔