کراچی (اسٹاف رپورٹر) عورت مارچ کی منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال عورت مارچ مئی میں منعقد کیا جائیگا، کراچی میں رواں سال رمضان المبارک کے احترام میں مارچ کے مہینے میں عورت مارچ منعقد نہیں کیا جائے گا بلکہ یہ11مئی کو منعقد کیا جائیگا، مارچ میں فلسطین، یوکرائن سمیت بلوچستان میں لاپتا افراد کے حوالے سے بھی آواز بلند کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں یوم خواتین کے حوالے سے عورت مارچ کی منتظمین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا جن میں تحریکِ نسواں کی بانی شیما کرمانی، ڈاکٹر عائشہ، پاسٹر غزالہ، صحافی فہمیدہ ریاض، خواجہ سرا رہنما ارادھیا و دیگر شامل تھے۔ شیما کرمانی نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں پدر شاہی نظام کو چیلنج کیا ، ہمارا مقصد ایک آزاد اور مساوی حقوق کا سماج ہے، تمام صنفی امتیاز کو ختم کرکے ہم مثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں ہماری تحریک میں فلسطین، یوکرائین سمیت بلوچستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے بھی آواز بلند کی جائے گی۔