کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ مہنگائی کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ نے رمضان المبارک کے دوران سندھ بھر میں بچت بازار قائم کردیئے ہیں اور قیمتوں کی نگرانی کیلئے سرکاری افسر بھی تعینات کردیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور بچت بازاروں کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ عوام پر مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ ان بازاروں میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کم قیمت پر دستیاب ہوں گی تاکہ عام آدمی کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے ان بازاروں کی شفافیت اور انتظامی نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔