کراچی(عبدالماجد بھٹی)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے دوران شاندار سیکیورٹی انتظامات پر پاکستان آرمی،رینجرز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کام کرنے کے پیشہ وارانہ انداز کی تعریف کی ہے۔پاکستان نے24سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی فائنل اتوار کو دبئی میں ہوگاتمام چھ غیر ملکی ٹیمیں ،آئی سی سی آفیشل ،اور سینکڑوں غیر ملکی مہمان واپس جاچکے ہیں۔کراچی،لاہور اور پنڈی میں ایک سیمی فائنل سمیت دس میچ ہوئے۔آئی سی سی سیفٹی اینڈ سیکیورٹی منیجر ڈاکٹرڈیو مسکر نے پاکستان میں میچوں کے اختتام پر ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی پولیس رینجرز اور ارمی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ،پاکستان میںپورے ٹورنامنٹ میں سیکیورٹی اداروں نے بھرپور تعاون کیا،ٹورنامنٹ کے آغازسے پہلے ٹیموں کو پاکستان آنے پر تحفظات تھے، اب مجھے ذاتی طور پر کوئی شک نہیں کہ یہاں پروفیشنل ازم بہت شاندار تھی۔