اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج سعودی عرب میں ہو رہا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی کے مطابق یہ اجلاس ایران کی درخواست پر بلایا گیا ہے، جس میں غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے خلاف اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس مسلم دنیا کے لیے ایک اہم موقع ہے تاکہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی کے خطرے کے خلاف متحدہ مؤقف اختیار کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اسلامی ممالک کی جانب سے امریکی اور اسرائیلی سازش کے خلاف مزید سخت مؤقف اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ہوئے عرب ممالک کے اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو کے لیے 53 بلین ڈالرز کا منصوبہ پیش کیا جا چکا ہے۔