ساؤتھ ایشیاء ڈیموکریسی واچ (ایس ڈی ڈبلیو) نے مرحوم ڈاکٹر قیصر عباس کی یاد میں ڈیلس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ہے۔
تقریب میں ڈاکٹر قیصر عباس کی اہلیہ ڈاکٹر صالحہ سلیمان نے اپنے دونوں بیٹوں شہریار علی رضوی اور شہر زاد علی رضوی کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔
تقریب ڈاکٹر عباس کی علمی، صحافتی اور سماجی خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع بنی، جس میں پاکستانی اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے سماجی کارکنان، شہری رہنماؤں اور ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر قیصر عباس کی ٹیکساس کی کمیونٹی کے لیے غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے ٹیکساس اسمبلی نے ریاستی نمائندہ ٹیری میزا کے دستخط شدہ خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹ ڈاکٹر صالحہ سلیمان اور ان کے بیٹوں کو پیش کیا۔
ساؤتھ ایشیاء ڈیموکریسی واچ کے صدر امیر مکھانی نے سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر عباس کو ایک ایسے رہنما کے طور پر سراہا جو ہمیشہ امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی بھلائی کے فروغ کے لیے کام کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عباس کی قائدانہ صلاحیتوں اور ثقافتی و علمی مکالمے کو فروغ دینے کے جذبے نے مختلف کمیونٹیز کے درمیان مثبت روابط استوار کیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر قیصر عباس کی اہلیہ ڈاکٹر صالحہ سلیمان نے مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر آفتاب صدیقی نے ڈاکٹر عباس کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا (فاتحہ) کی۔