• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو سفید کوٹ کیوں پہنایا جاتا ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بھارتی کرکٹ ٹیم نے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیت لی۔

چیمپئنز ٹرافی کا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والا فائنل میچ جیتنے پر بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو میڈلز اور ٹرافی دینے سے پہلے سفید رنگ کا کوٹ پہنایا گیا۔

سفید رنگ کے اس کوٹ پر گولڈن رنگ کے بٹن لگے ہوئے تھے اور چیمپئنز ٹرافی کا لوگو بھی موجود تھا۔

چیمپئنز ٹرافی آئی سی سی کا واحد ٹورنامنٹ ہے جس میں جیتنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو خصوصی طور پر سفید کوٹ پہنایا جاتا ہے۔

یہ سفید کوٹ چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو اعزاز کی علامت کے طور پر دیے جاتے ہیں جو کھلاڑیوں کی محنت اور عزم کی نمائندگی کرتے ہیں۔

آئی سی سی نے سفید کوٹ کے بارے میں ایک بیان میں یہ کہا ہے کہ آئی سی سی کے سب سے باوقار ٹورنامنٹ چیمپیئنز ٹرافی کا ہر میچ اہمیت کا حامل ہے جہاں ٹیمز نہ صرف ٹرافی بلکہ اس قیمتی سفید کوٹ کے لیے بھی ایک دوسرے کے مدِ مقابل میدان میں اترتی ہیں جو کہ برتری اور عزم کی علامت ہے۔

آئی سی سی کے مطابق یہ سفید کوٹ ایک اعزازی بیج ہے جو چیمپئنز کی شان کو بڑھاتا ہے۔

فاتح ٹیم کو سفید کوٹ پہنانے کی روایت کا آغاز کب ہوا؟

اگرچہ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 1998ء میں ہوا لیکن فاتح ٹیم کو سفید کوٹ پہنانے کی روایت 2009ء میں چیمپئنز ٹرافی کے جنوبی افریقہ میں ہونے والے چھٹے ایڈیشن کے دوران شروع ہوئی۔

اب تک کتنی ٹیمز یہ سفید کوٹ پہن چُکیں؟

2009ء میں رکی پونٹنگ کی قیادت میں آسٹریلیا کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سب سے پہلے اعزازی سفید کوٹ پہنا۔

2013ء میں بھارت نے برمنگھم میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر سفید کوٹ پہننے کا اعزاز حاصل کیا۔

2017ء میں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے اوول میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی اور اعزازی سفید کوٹ پہنا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید