• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعمان اعجاز کی ماہِ صیام میں عوام کے غیر ذمے دارانہ رویے پر تنقید

اداکار نعمان اعجاز — فائل فوٹو
اداکار نعمان اعجاز — فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے ماہِ رمضان کے دوران پاکستانی عوام کے غیر ذمے دارانہ رویے پر تنقید کی ہے۔

سید جبران نے نعمان اعجاز کے ساتھ ایک وی لاگ بنا کر اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کیا ہے۔

اس وی لاگ میں نعمان اعجاز کو ماہِ رمضان میں پاکستانی عوام کے رویے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دراصل ماہِ رمضان مسلمانوں کے لیے ہے پاکستانیوں کے لیے نہیں ہے۔

اداکار نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی روزے رکھتے ہیں، لیکن روزے میں بھی اپنے غصے پر قابو نہیں رکھ پاتے۔

اُنہوں نے کہا کہ لوگ رمضان میں بھی سڑکوں پر ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں، ٹریفک سگنل بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام ہو تو سگنل کے کُھلنے کا انتظار کرنے کے بجائے لڑنا شروع کر دیں گے اور گالم گلوچ کرتے ہیں۔

نعمان اعجاز نے کہا کہ ویسے تو ہمارا پاکستانیوں کا رویہ دیگر مہینوں میں بھی اچھا نہیں ہوتا لیکن ماہِ رمضان میں تو بدترین ہو جاتا ہے۔

 اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم ماہِ رمضان میں بہت سست ہو جاتے ہیں اور کام نہیں کرنا چاہتے۔

اداکار نے یہ بھی کہا کہ یہاں تک کہ کچھ لوگ تو ماہِ رمضان میں نماز جیسی فرض عبادت کا بھی غلط استعمال کرتے ہیں، نماز کے لیے جاتے ہیں اور کام سے بچنے کے لیے تمام کام کے اوقات مسجد میں گزار کر عبادت کا مقصد ہی ختم کر دیتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید