• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگرد ٹرین مسافروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گرد ٹرین مسافروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ بولان میں ٹنل کے قریب جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بہت سارے لوگوں کو ٹرین سے پہاڑی علاقے میں لے کر گئے ہیں، خواتین اور بچوں کو ڈھال بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز احتیاط کر رہی ہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پہنچ کر ٹرین سے بہت سارے لوگوں کو ریسکیو کرلیا، دہشت گرد مسافروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ٹرین میں سرکاری ملازمین بھی اہل خانہ کے ساتھ سفر کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز بھرپور آپریشن کر رہی ہیں جلد تمام لوگوں کو بازیاب کروایا جائے گا۔

طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں نے مسافروں کو نہیں چھوڑا، ان مسافروں کو سیکیورٹی فورسز نے بازیاب کروایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری دنیا کو ہمارے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے واقعات کو سوشل میڈیا پر دشمن کے ساتھ اپنے لوگ بھی سپورٹ دے رہے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ثبوت موجود ہیں کہ افغانستان سے ان دہشت گردوں کو سپورٹ ملتی ہے، کالعدم تنظیم کا اتحاد ہے، افغانستان سے آنے والی منشیات کا پیسا ہے، بدقسمتی سے ہمارے ایسے ہمسائے ان واقعات میں ملوث ہیں جن پر ہم نے احسان کیا۔

قومی خبریں سے مزید