کوئٹہ(این این آئی)ترجمان جھالاوان ہائوس نے بلوچستان اسمبلی اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے رکن کی جانب سے تخت جھالاوان انجیرہ سے متعلق نازیبا الفاظ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جھالاوان ہائوس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تخت جھالاوان انجیرہ نے ہمیشہ سے ہی بلوچستان کی روایات اور بھائی چارگی کو فروغ دیا ہے لیکن بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے رکن اسمبلی میر ظفر اللہ زہری کی جانب سے تخت جھالاوان سے متعلق نازیبا الفاظ نہ صرف افسوسناک بلکہ قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اجلاس میں نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کے دوران اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو انھیں روک کر نازیبا الفاظ کی مذمت کرنا چایئے تھا جس کا انھیں اختیار حاصل ہے اور صدیوں سے مقدس ایوان میں یہی چلا آرہا ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا جو افسوسناک ہے انھوں نے کہا کہ جھالاوان کے سپوتوں نے ہمیشہ سے مادر وطن کیلئے قربانیاں دی ہیں اور تخت جھالاوان نے ہی بے سہارا خواتین و بچوں کا احترام کیا اور تخت جھالاوان نے وزارت اعلی کی کرسی ٹکرا کر ڈاکٹر اللہ نذر کے بچوں کو سیکورٹی فورسز کی قید سے نکالا لیکن موصوف رکن اسمبلی ظفر زہری نے تخت جھالاوان انجیرہ پر ایک ایسے موقع پر الزام عائد کیا جس وقت پورے بلوچستان کی نظریں تخت جھالاوان پر ہیں اور اس وقت بھی تخت جھالاوان انجیرہ بلوچستان میں برادر اقوام کو متحد رکھا ہے لیکن موصوف کا مقصد جھالاوان میں نہ صرف برادر اقوام کو ایک دوسرے سے بدزن کرنا ہے بلکہ جھالاوان میں خونریزی کو دوام دینے کی ایک سازش ہے جو کسی صورت قبول نہیں تخت جھالاوان نے ہمیشہ نے جھالاوان سمیت بلوچستان میں بسنے والی اقوام کا تحفظ کیا ہے۔