• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر پر چھاپے ناقابل برداشت ،مرعوب نہیں ہوں گے،عادل بازئی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک عادل خان بازئی نے کہاہےکہ حکومت اور پولیس آئے روز میرے گھر پر چھاپے مار کر چادر و چار دیواری کے تقدس پامال کرکے ہمیں ہراساں کررہے ہیں۔حکومت اور پولیس کا یہ عمل قابل مذمت ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت اور پولیس اپنے اصل مقصد اور فرائض سے غافل ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ اور بلوچستان میں دہشت گردی عروج پر ہے۔ لوگوں کی عزت ، جان و مال محفوظ نہیں ہے۔بیان میں انہوں نے کہاکہ ہم بھی قبائلی لوگ ہیں جس طرح میرے گھر پر آئے روز حکومت کی ایماء پر پولیس اور سیکورٹی فورسز چھاپے مار کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے اہلخانہ کو ہراساں کرکے انہیں ذہنی اذیت اور کوفت میں مبتلا کرتی ہے یہ ناقابل برداشت عمل ہے ہم اس طرح کے منفی حربوں سے مرعوب نہیں ہوں گے نہ اپنے مقصد اور مشن سے پیچھے ہٹیں گے بلکہ اپنی پارٹی اور لوگوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اگر یہ روش اور چھاپوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ہم کوئٹہ میں سخت احتجاج کریں گے جس کی پھر تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
کوئٹہ سے مزید