طورخم سرحدی گزرگاہ کشیدگی کے باعث 20ویں روز بھی بند ہے، افغان جرگے کو پاکستانی جرگہ ممبر کی نئی لسٹ دے دی گئی، پاکستانی جرگہ اب 50 ارکان پر مشتمل ہوگا۔
طورخم سرحد پر کشیدگی کے خاتمے کےلیے ہونے والے مذاکرات پر پاکستانی جرگے نے افغان جرگے کے تحفظات دور کردیے۔
افغان جرگے نے گزشتہ روز پاکستانی جرگہ ممبران کی لسٹ میں ردوبدل پر اعتراض کیا تھا۔
پاکستانی جرگہ ممبر کا کہنا ہے کہ افغان جرگے کو پاکستانی جرگہ ممبر کی نئی لسٹ دے دی گئی ہے۔ ایک دو روز میں پاک افغان جرگے کے درمیان مذاکرات متوقع ہیں، اس دوران طورخم سرحد پر فائر بندی کا معاہدہ برقرار رہے گا۔
پاک افغان کشیدگی کے باعث طورخم سرحدی گزرگاہ 20 روز سے بند ہے۔ کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاک افغان جرگے کے درمیان دوسری اور اہم حتمی نشست گزشتہ روز طورخم سرحد پر ہونا تھی۔ تاہم تحفظات پر افغان جرگہ ممبران مذاکرات کیے بغیر طورخم سے کابل واپس چلے گئے تھے۔
پاکستانی جرگہ ممبر جواد حسین کاظمی کے مطابق افغان جرگہ تحفظات دور ہونے کے بعد مذاکرات پر راضی ہے۔ مذاکرات کےلیے اب پاکستانی جرگہ 50 ارکان پر مشتمل ہوگا۔