• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابھیشیک نے انڈسٹری چھوڑنے کا ارادہ کیا تو امیتابھ نے کیا مشورہ دیا؟

بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن کو والد امیتابھ بچن نے کیا کہا جب وہ فلم انڈسٹری چھوڑنے کو تیار ہوگئے تھے۔

49 سالہ ابھیشیک بچن کی نئی فلم ’بی ہیپی‘ آج ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز ہورہی ہے، جس میں نورا فتحی، عنایت ورما، جانی لیور اور ناصر لیڈ رول میں ہیں۔

امیتابھ بچن کے اکلوتے بیٹے ابھیشیک بچن نے 21ویں صدی کے آغاز کے ساتھ ہی اداکاری کے سفر کا آغاز کیا تھا، انہیں ابتدائی دور میں کامیابیاں نہیں ملیں۔

اداکار نے گزشتہ 25 سال میں اپنے لیجنڈ والد کی زیر سرپرستی اپنے کیریئر کو سنوارا اور کئی برس کی محنت کے بعد اپنی صلاحیتوں کا لواہا منوالیا۔

حالیہ انٹرویو میں ابھیشیک بچن نے فلمی کیریئر کو خیر باد کہنے کے ارادے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ میں ایسے حالات سے گزر چکا ہوں، ابتدائی دور بہت مشکل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جو بھی کردار کرتا، وہ حاصل نہیں کرپاتا جو چاہتا تھا، میں مقررہ معیارات پر بھی پورا نہیں اتر پا رہا تھا، ایسے میں انڈسٹری چھوڑنے یا نہ چھوڑنے کا فیصلہ بھی نہیں کر پارہا تھا۔

ابھیشیک بچن نے بتایا کہ ایسے وقت میں والد امیتابھ بچن نے مجھے قیمتی مشورہ دیا، وہ ایک رات والد کے پاس گئے اور کہا کہ میں نے یہ کام کرکے غلطی کی، دنیا مجھے بتارہی ہے کہ یہ فیلڈ میرے لیے نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ والد میری بات سن کر حیرت زدہ تھے، مجھ سے کہا تم سے بات ایک اداکار کی حیثیت سے کہہ رہا ہوں نہ کہ باپ کے طور پر، تمہارے پاس ابھی کافی لمبا سفر ہے، تم اپنی ہر فلم کے ساتھ بہتر ہورہے ہو، بس کام کرتے رہو، تم منزل پر پہنچ جاؤ گے۔

ابھیشیک بچن نے مزید کہا کہ جب میں اُن کے کمرے سے باہر جارہا تھا تو والد نے کہا کہ میں نے تمہیں ہار ماننے والا نہیں بنایا ہے، اس لیے لڑتے رہو، مجھے اُن کی بات کا بہت اثر ہوا۔

حال ہی میں امیتابھ بچن نے فلم بی ہیپی کی ریلیز کے دن پر بیٹے کو شاباشی دی اور کہا کہ تمہاری فلم کے لیے بہترین دعائیں، اس کے ساتھ تمہیں تاشقند فلم فیسٹیول میں فلم گھومر کےلیے مدعو کیے جانے پر مبارک باد۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید