• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان KP میں دہشت گردی، 7 شہید، نوشکی میں خودکش حملہ، 3 جوانوں سمیت 5 اور کرک میں گیس تنصیبات پر 3 حملے، 2 اہلکار شہید

اسلام آباد/پشاور (نمائندہ جنگ/ایجنسیاں ) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ایف سی کے قافلے پرکالعدم بی ایل اے کا خودکش حملہ ‘بس تباہ ‘ تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5افرادشہید‘35زخمی ‘ فورسز کی جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک ‘ کرک میں گیس تنصیبات پر تین حملے ‘2اہلکار شہید‘تربت کے علاقے بلیدہ سے تین مسخ شدہ لاشیں برآمد‘پشاور سمیت تین اضلاع میں دہشت گردوں کے حملے ناکام‘ خیبرپختونخوا پولیس نے چار کارروائیوں میں بم دھماکوں میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورک کے کمانڈر سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا‘ ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے کچھ علاقوں میں آج کرفیو نافذ کرنے کا اعلان ‘جنوبی وزیر ستان اپر‘جنوبی وزیر ستان لوئر اور ٹانک کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے کرفیو کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق چاغی میں تعینات سینئرسکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے نوکنڈی جانے والے سکیورٹی فورسز کے قافلے میں شامل ایک بس سے ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی جس کےدھماکے سے بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے اتوارکی صبح نوشکی کے مقام پر ایف سی کے قافلے پر بارودی مواد کا دھماکا اور خود کش حملہ کیاجس کے نتیجے میں5افرادشہید ہوگئے ‘شہدا میں 3 سکیورٹی اہلکار اور 2 شہری شامل ہیں۔شہدا میں حوالدار منظورعلی، حوالدار علی بلاول، نائیک عبدالرحیم شامل ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز نے حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف فوری موثر جوابی کاروائی کی۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے‘فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔ادھرتھانہ مچنی گیٹ کی پولیس چوکی پر حملے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ خزانہ میں مسلح افراد نے کانسٹیبل کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا ۔ نامعلوم افراد نے تھانہ مچنی گیٹ کی پولیس چوکی پجگی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چوکی میں تعینات کانسٹیبل نذر علی شہیدہو گیا تاہم پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے حملہ پسپا کردیا ۔نمائندہ جنگ کے مطابق ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے پولیس اسٹیشن تحصیل بانڈہ میں خرم پولیس اسٹیشن اور یونین کونسل ٹیری کے علاقہ گاؤں عیسک خماری میں سوئی گیس کی تنصیبات پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تینوں جگہوں پر دہشت گردوں کی طرف سے حملے کئے گئے جس میں سب انسپکٹر اسلام نور جام شہادت نوش کر گیا‘دوسرا حملہ پولیس اسٹیشن حرم پر کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘تیسرا حملہ تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے گاؤں عیسک خماری میں سوئی گیس کی تنصیبات پر کیا گیا ہے جس میں ایک ایف سی اہلکار شہید ہوا۔علاوہ ازیں خیبر میں تھانہ باڑہ کی حدود میں برقمبر تکیہ چوکی پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیاتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔خیبرپختونخوا پولیس کے اعلامیے کے مطابق کارروائی کے دوران پشاور، کرک، ڈی آئی خان، ٹانک میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے والے دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

اہم خبریں سے مزید