اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کی تقریب میں توثیق شدہ لیبر کنونشنز جمع کرا دیئے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو لیبر مارکیٹ کے مطابق پیشہ وارانہ تربیت فراہم کر رہے ہیں پاکستان نے جنیوا میں آئی ایل او کے ہیڈ کوارٹر میں میری ٹائم لیبر کنونشن، 2006، جبری مشقت پروٹوکول، اور لیبر شماریات کنونشن، 1985کی توثیق شدہ دستاویزات پیش کی ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چوہدری سالک حسین نے جنیوا میں آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہنگبرکو دستاویزات پیش کیں، جس میں پاکستان کی طرف سے عالمی معیار کے مطابق مزدوروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے مزدوروں کے حقوق اور گورننس کو عصری تقاضوں کے مطابق آ گے بڑھانے پر پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔