• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکشے کی فلم پر تنقید، پرستاروں نے جیا بچن کو آڑے ہاتھوں لے لیا

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

نامور بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کی فلموں پر تنقید کرنے پر ا نکے پرستاروں نے ماضی کی اداکارہ و موجودہ سیاستدان جیا بچن کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ 

جب کسی فلم کا عنوان ریلیز سے پہلے سامنے آتا ہے تو یہ ناظرین میں تجسس پیدا کرتا ہے اور کہانی سے متعلق اندازہ لگانے میں مدد دیتا ہے۔ یہی کچھ ہوا جب اکشے کمار اور بھومی پیڈنیکر نے 2017 میں اپنی فلم "ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا" کا اعلان کیا۔

اس غیر روایتی اور چونکا دینے والے نام نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچائی، بالکل اسی طرح جیسے فلم نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ لیکن 8 سال بعد جب راجیہ سبھا کی رکن اور سینئر اداکارہ جیا بچن نے اکشے کی فلم کا مذاق اڑایا تو سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔

 ایک انٹرویو میں انہوں نے سوال اٹھایا، ’کیا لوگ ایسی فلم دیکھنے جانا پسند کریں گے؟‘ ساتھ ہی انہوں نے فلم کو "فلاپ" بھی قرار دیا۔

فلموں میں سوشل میسج دینے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جیا بچن نے کہا، ’آپ ذرا نام تو دیکھیے، میں ایسی فلم کبھی دیکھنے نہ جاؤں۔ ’’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘‘، یہ کوئی نام ہے؟ یہ کوئی ٹائٹل ہے؟ آپ میں سے کتنے لوگ ایسی فلم دیکھنے جانا پسند کریں گے؟‘

جب ان کے سوال پر چند لوگوں نے ہاتھ اٹھایا تو جیا بچن نے فوراً کہا، ’یہ فلم فلاپ ہے!‘

جیا بچن کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غصے کا اظہار کیا اور فلم کی کامیابی اور اس کے مثبت اثرات کو اُجاگر کیا۔

خیال رہے کہ فلم ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا کا بجٹ 75 کروڑ روپے تھا جبکہ اس نے 310 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم نے ناصرف بھارت بلکہ چین میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی۔

جب جیا بچن نے فلم پر تنقید کی تو سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹ سیکشن میں بھرپور جواب دیا۔ ایک صارف نے لکھا، "ٹوائلٹ واقعی ایک زبردست فلم تھی! اس نے ایک ایسے موضوع پر شعور بیدار کیا جس پر عوامی سطح پر کم ہی بات کی جاتی ہے اور اکشے کمار فلم میں بہت مزاحیہ تھے۔ یہ فلم ایک ہٹ تھی۔"

دوسرے صارف نے لکھا، "کتنی مضحکہ خیز بات ہے۔ یہ فلم بھارت کے دیہی علاقوں میں خواتین کو درپیش مسائل کو اُجاگر کرتی ہے۔ جن لوگوں کی زندگیاں عیش و عشرت میں گزرتی ہیں، وہ ایسی فلموں پر تنقید کرتے ہیں، اکشے نے شاندار کام کیا۔"

کچھ صارفین نے جیا بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک تبصرہ کچھ یوں تھا، "ان سے پوچھیں کہ ان کے بیٹے ابھیشیک کی فلمیں کتنے لوگ دیکھنے جاتے ہیں، ایک بھی ہاتھ نہیں اٹھے گا؟"

ایک نے ٹرول کرتے ہوئے لکھا، "ڈرونا کا کیا حال تھا؟ آڈینس کو بس رونا آیا تھا۔ یہ ابھیشیک بچن کی کسی بھی فلم سے زیادہ ہے۔ ویسے امیتابھ بچن نے 'پیکو' نامی فلم بنائی، جس میں وہ پورے وقت ٹوائلٹ کی بات کرتے رہے۔"

انٹرٹینمنٹ سے مزید