پاکستانی اداکارہ، ماڈل اور سابقہ مس پاکستان اریج چوہدری نے کہا ہے کہ ہر عورت کو گن چلانی آنی چاہیے۔
اریج چوہدری نے حال ہی میں ایک بیان دیا ہے جس میں انہوں نے خواتین کے لیے ذاتی اسلحہ رکھنے اور چلانے کی حمایت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین غیر محفوظ ہیں اور انہیں اپنی حفاظت کے لیے گن رکھنی چاہیے۔
اداکارہ ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے غیر روایتی ٹیلنٹ کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ میں ایک ماہر شوٹر ہوں اور ہر قسم کے ہتھیار چلا چکی ہوں، خواتین کو دیگر مہارتوں کے ساتھ ساتھ اسلحہ چلانے کی تربیت بھی حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال میں اپنی حفاظت خود کر سکیں۔
پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے اریج چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں خواتین غیر محفوظ ہیں، ہم نے سڑکوں پر بہت سے افسوس ناک واقعات دیکھے ہیں، میں سمجھتی ہوں کہ ہر عورت کو گن چلانی آنی چاہیے، میں خود ہمیشہ اپنے پاس اسلحہ رکھتی ہوں اور ایک بار میں نے اسے کسی ایسے شخص پر تان دیا جو میرے ساتھ بدتمیزی کر رہا تھا۔
اریج چوہدری کے مطابق ذاتی اسلحہ رکھنا ایک اہم سرمایہ کاری ہے اور خواتین کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
اریج چوہدری کا یہ بیان سوشل میڈیا پر شدید بحث کا باعث بن گیا ہے، کچھ لوگوں نے ان کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں جہاں خواتین کے خلاف جرائم عام ہیں، انہیں اپنی حفاظت کے لیے ہتھیار رکھنے کا حق ہونا چاہیے۔
دوسری طرف کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ اسلحہ رکھنے سے جرائم کم ہونے کے بجائے بڑھ سکتے ہیں اور اصل حل قانونی نظام کی بہتری اور خواتین کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی ہے۔