• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان انڈر-23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

پاکستان انڈر-23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا، انڈر-23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ 6 سے 10 اپریل تک کراچی میں ہوگی۔

کراچی میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عدنان اسد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ میں 32 ممالک کے کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار انڈر۔23 سطح پر ورلڈ چیمپئن شپ ہو رہی ہے، جس کا آغاز پاکستان سے ہو رہا ہے۔ 

انکا کہنا تھا کہ 2028 کے اولمپکس میں اسکواش کے کھیل کو شامل کیا گیا ہے، انڈر-23 ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی پُرامید ہیں کہ اولمپکس ایونٹ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں۔

عدنان اسد نے کہا کہ چیمپئن شپ کے انعقاد پر 6 لاکھ ڈالرز کے اخراجات آئیں گے، چیمپئن شپ کی انعامی رقم 60 ہزار امریکی ڈالر ہے۔

نائب صدر پاکستان اسکواش نے بتایا کہ بھارت کے انڈر-23 کھلاڑیوں نے کوالیفائی نہیں کیا، بھارت کے آفیشلز پاکستان آئیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے نور زمان اور حمزہ خان ایکشن میں ہوں گے، پاکستان کے دونوں کھلاڑیوں نے رینکنگ کی بنیاد پر جگہ بنائی ہے۔

اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ انڈر-23 وہ کیٹیگری ہے جہاں کھلاڑی کا کھیل عروج پر ہوتا ہے، امید ہے پاکستان دوبارہ اسکواش میں کھویا ہوا مقام حاصل کرسکے گا۔

جہانگیر خان نے کہا کہ ایونٹ سے دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام جائے گا، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن بچوں میں محنت کرنے کی کمی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید