امریکا نے 3 سینئر طالبان رہنماؤں بشمول سراج الدین حقانی پر عائد انعامی رقم ختم کر دی۔
افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے وزیرِ داخلہ سراج الدین حقانی پر عائد 10 ملین ڈالرز کی انعامی رقم ہٹا دی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سراج الدین حقانی نے 2008ء میں ہونے والے کابل سیرینا ہوٹل حملے کی منصوبہ سازی کا اعتراف کیا تھا، جس میں امریکی شہری تھور ڈیوڈ ہیسلا سمیت 6 افراد مارے گئے تھے۔
اب ان کا نام امریکی محکمۂ خارجہ کی ریوارڈز فار جسٹس ویب سائٹ پر موجود نہیں ہے، تاہم ایف بی آئی کی ویب سائٹ پر ان کا وارنٹ بدستور موجود ہے۔
طالبان وزارتِ داخلہ کے ترجمان کے مطابق، امریکا نے 3 سینئر طالبان رہنماؤں سراج الدین، عبد العزیز اور یحییٰ حقانی پر سے انعام ہٹا دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکی قیدی کی رہائی اور ان اقدامات سے دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں۔