پاکستان کے معروف اداکار و ماڈل دانش تیمور نے کچھ روز قبل 4 شادیوں کی اجازت سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت اور معذرت پر مبنی ویڈیو جاری کی تھی جسے اب انہوں نے ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اداکار دانش تیمور آج کل ایک نجی ٹی وی چینل کی خصوصی رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی ساتھی میزبان رابعہ انعم کے ہمراہ اپنے شو پر اہلیہ اداکارہ عائزہ خان کو مدعو کیا تھا۔
گفتگو کے دوران دانش تیمور نے عائزہ خان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج یہ میں عائزہ اور سب کے سامنے کہوں گا کہ مجھے اجازت ہے 4 شادیوں کی لیکن میں کر نہیں رہا وہ الگ بات ہے، یہ اجازت مجھے اللّٰہ نے دی ہوئی ہے اس لیے مجھ سے کوئی چھین نہیں سکتا، لیکن یہ میرا عائزہ کے لیے پیار اور احترام ہے کہ میں فی الحال ان کے ساتھ ہی زندگی گزارنا چاہتا ہوں۔
لفظ ’فی الحال‘ نے سوشل میڈیا پر ایک بڑے تنازع کو جنم دیا تھا جس پر کئی اہم شخصیات نے بھی عائزہ خان کا دفاع کرتے ہوئے دانش تیمور کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اداکار کے اس بیان نے سوشل میڈیا صارفین کو بحث کے لیے نیا موضوع فراہم کیا تھا جس پر کئی دنوں تک بات ہوئی۔
انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے غیرمعمولی تنقید کے بعد اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے معافی مانگی تھی۔
دانش تیمور کی جانب سے اپلوڈ کی گئی وضاحت اور معذرت پر مبنی اس ویڈیو کو اب خاموشی سے ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔