وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آخری حد تک آپ کو قرضوں سے نجات دلاؤں گا۔
اسلام آباد میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن منفرد خوشی کا دن ہے، بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعلیم، صحت اور نوجوانوں کے لیے ترجیحی اقدامات کیے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب میرٹ پر 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلبا میں مفت تقسیم کیے، نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی، ووکیشنل ٹریننگ دی جائے تو ملک کا سرمایہ بنیں گے، آج کی دنیا جدید ترین ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر مختلف ممالک تیل، گیس اور معدنیات سے مالا مال ہیں تو کروڑوں نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، سرمایہ نچھاور کریں گے تو پاکستان دنیا کا سب سےترقی یافتہ ملک بنے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیا ہے، ہمارے ٹریننگ سینٹرز میں بہترین ٹرینرز آنے چاہئیں، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں بہترین ہنر سے نوازیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہنر مند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے، ہمارے قرضے 77 سالوں میں بڑھے ہیں، دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، آئی ایم ایف پروگراموں سے معیشت میں استحکام آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، ہم نے اس قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے،میں آخری دم تک آپ کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا۔