• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایتھنز میں جمعۃ الوداع پر عالمی یوم القدس منایا گیا

دنیا بھر کی طرح یونان میں بھی عالمی یوم القدس جوش و عقیدت کے ساتھ منایا گیا، اس مناسبت سے جمعۃ الوداع کے روز ایتھنز میں شیعہ مسلم کمیونٹی کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مسلم و غیر مسلم افراد نے شرکت کی۔ 

شرکاء نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

ایتھنز کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ اس تقریبِ افطار میں یونانی سیاستدانوں، مسلم کمیونٹی کے اکابرین، غیر ملکی سفیروں، پروفیسرز اور میڈیا کے نمائندگان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب کے دوران مقررین نے اسرائیل کے بیت المقدس پر غاصبانہ قبضے اور غزہ میں جاری نسل کشی کو ناجائز قرار دیتے ہوئے فوری طور پر اس بربریت کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ 

انہوں نے فلسطینی علاقوں میں صیہونی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، مزید برآں، غزہ میں گزشتہ سال سے جاری صیہونی جارحیت کے نتیجے میں تباہ شدہ طبی مراکز اور ہسپتالوں کی حالتِ زار کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 

ہوٹل کی لابی میں مختلف مقامات پر نصب اسکرینوں پر صیہونی مظالم کو آشکار کرنے کے لیے ویڈیو ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی گئیں۔

تقریب کے میزبان سید اشیر حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ مسلم کمیونٹی کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام کو بیت المقدس کی آزادی کے لیے عملی جدوجہد کرنی چاہیے، کیونکہ بیت المقدس امتِ مسلمہ کی شہ رگِ حیات ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے دنیا بھر کی طرح یونان میں بھی رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو شیعہ مسلم کمیونٹی کے تحت یوم القدس منایا جا رہا ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید