بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نے کہا ہے کہ ابتدائی دنوں میں نوکری چھوڑ کر تھیٹر میں اداکاری کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف بھارتی فلموں کے اداکار نواز الدین صدیقی نے بتایا ہے کہ وہ طالبِ علمی کے زمانے میں سائنس کے مضمون سے وابستہ تھے پھر وہ کیسے اداکاری کے شعبے کی طرف مائل ہوئے؟
اداکاری کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے نواز الدین صدیقی نے بتایا کہ میں طالب علمی میں سائنس پڑھ رہا تھا جب ایک کیمیکل فیکٹری میں بھی کام کرتا تھا، کسی نے مجھے تھیٹر دکھایا جس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں آگے صرف یہی کام کروں گا، میں نے نوکری چھوڑ کر تھیٹر جوائن کر لیا، یہ ایک گجراتی تھیٹر تھا۔
نوازالدین صدیقی نے اداکاری کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں روسی تھیٹر ڈائریکٹر ویلنٹان ٹیپلی کی اداکاری کے طریقوں سے متاثر ہوا، اداکاری کی ابتدائی تکنیک میں ان طریقوں نے کافی اہم کردار ادا کیا۔
اداکار نے بتایا کہ گجراتی تھیٹر میں 3 یا 4 ڈراموں میں کام کیا جو طویل دورانیے کے ڈرامے تھے، جن میں میرے کردار بہت چھوٹے سے تھے، جب کسی نے مجھے مشورہ دیا کہ میں ہندی تھیٹر میں کام کروں۔
ان کا کہنا ہے کہ پھر میں نے لکھنؤ اور دہلی کے ڈرامہ اسکول میں تربیت لی، وہاں اچھی یادیں ہیں، اس زمانے میں انٹرنیٹ نہیں تھا اور ہم خوب پریکٹس کرتے تھے۔