سعودی عرب میں شوال 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا، مملکت میں عیدالفطر آج (بروز اتوار) ہوگی۔
سعودی عرب کے شہر السدیر میں عید کا چاند دیکھنے کےلیے اجلاس ہوا جبکہ مکہ، مدینہ، تبوک، دمام سمیت 10 سے زائد مقامات پر رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔
شاہی دیوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، سعودی عرب میں عیدالفطر اتوار 30 مارچ کو منائی جائے گی۔
خیال رہے کہ سعودی سپریم کورٹ نے آج شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ملکی اور غیرملکی شہری بھی چاند کا مشاہدہ کرکے گواہی دے سکتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی ماہرین فلکیات نے آج شب شوال کا چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی کی تھی۔
سعودی ماہرین فلکیات کا کہنا تھا کہ شوال کے چاند کی پیدائش آج دن 2 بجے ہوئی، شوال کا چاند غروب آفتاب کے 8 منٹ تک افق پر رہے گا۔
دوسری جانب ماہر فلکیات عبدالعزیز الشمری کا کہنا تھا کہ چاند اور سورج ایک ہی عمل کا حصہ ہیں، سورج گرہن کے موقع پر چاند دیکھنے کے امکانات معدوم ہوجاتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی چاند نظر آگیا، خلیجی ملک میں عیدالفطر آج منائی جائے گی جس کا سرکاری اعلان کردیا گیا۔
ادھر جانب شوال کا چاند دیکھنے کےلیے اماراتی فتویٰ کونسل کا اجلاس ابوظبی کے تاریخی قلعہ الحصن میں ہوا۔
اجلاس کی صدارت شیخ عبداللّٰہ بن بیہ اور ڈاکٹر عمر حبتور الدرعی نے کی۔ اجلاس میں شرعی، فلکیاتی اور قانونی ماہرین اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔
ایک اور خلیجی ملک قطر میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا۔
عرب میڈیا نے رپورٹ کیا کہ قطر میں بھی آج عید الفطر منائی جائے گی۔
علاوہ ازیں عمان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ مسقط سے سرکاری اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ عمان میں عید الفطر پیر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔